حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ؛ 8 مئی بروز سوموار دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان قم کے اعلی سطحی وفد نے دفتر و نمائندہ قائد کے قم میں نمائندہ حجہ الاسلام والمسلمین سید ظفر علی شاہ نقوی کی سربراہی میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پارہ چنار میں حالیہ دہشت گردی کے المناک سانحہ میں شہید ہونے والے اساتذہ کرام کے لئے فاتحہ خوانی کی نیز عظیم مربی اور بزرگ عالم دین کی خدمت میں تعزیت پیش کی گئی۔ بزرگ عالم دین اور دفتر قائد قم کے نمائندہ وفد نے سانحہ پارہ چنار میں اساتذہ کرام کی دردناک شہادت کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے ملت جعفریہ کی موجودہ افسوسناک صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ کے خلاف دہشت گردی کے پے در پے واقعات بلخصوص قوم کے معماروں پر ظلم و بربریت کے اس حالیہ سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قوم و ملت کے مستقبل کے محسنوں کا بے دردی کے ساتھ قتل قوم و ملت کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے۔ ریاست اس قومی سانحہ پر جوابدہ ہے، لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ مجرموں کو جلد از جلد قرار واقعی سزا دی جائے، نیز سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے ملاقات کے لئے آنیوالے دفتر قائد قم کے نمائندہ وفد کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے طلاب قم کی علمی، تعلیمی، اخلاقی و روحانی پیشرفت کے لئے وعظ ونصیحت کی، طلاب و زائرین کی مشکلات کے حل کے لئے دعا کی اور قومی وملی امور پر رہنمائی فرمائی۔
ملاقات میں حجت الاسلام والمسلمین ملک زوار عباس علوی رکن مجلس نظارت دفتر قائد قم، حجت الاسلام سید توقیر عباس کاظمی مسئول دفتر قائد قم، حجت الاسلام سید تجمل عباس نقوی رکن مجلس نظارت، حجت الاسلام ملک ضیغم عباس رکن مجلس نظارت و مسئول شعبہ مالیات، آقائے سید ناصر عباس نقوی انقلابی مسئول شعبہ زائرین، حجت الاسلام سید علی حسین نقوی مسئول تبلیغات و رکن مجلس نظارت، حجت الاسلام حسن حسرت مسئول شعبہ فرہنگی، حجت الاسلام عبد الرزاق معاون فرھنگی، حجت الاسلام فیصل رضا عسکری مسئول اجرائی، حجت الاسلام سید باقر عباس نقوی مسئول اداری، حجت الاسلام محمد عباس گھلو مسئول میڈیا، حجت الاسلام طاہر علی جان، حجت الاسلام سید علی رضا بخاری، حجت الاسلام سید قاسم علی نقوی اور حجت الاسلام ذوالفقار حسین شریک تھے۔